سعادتمند
سَعادَت، اسم کیفیت (مؤنث - واحد)
(عربی، س ع د ← سعادت) نیک فالی، نیک اور اچھے اثرات ہونا (نحوست کی ضد)؛ خوش قسمتی، اقبال مندی، خوش نصیبی۔ ؂۱
سَعادَت مَنْد، صفت ذاتی (واحد)
نیک بخت، مطیع، وفادار، خدمت گزار (اولاد، خورد، یا خادم وغیرہ)، فرمانبردار، خوش کردار۔ ؂۲
سعادت متین، اسم معرفہ (مذکر - واحد)
اِس ویب‌گاہ کا مالک۔ لغات کا شائق۔
سعادت مند، اسم معرفہ (واحد)
یہ ویب‌گاہ۔ اردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب۔

مَیں

میرا نام سعادت متین ہے۔ میں اسلام‌آباد میں مقیم ایک ڈیزائنر ہوں۔

دن کے اوقات میں مَیں ایک سوفٹ‌ویئر کمپنی میں ڈیزائن اور پروڈکٹ کے مسائل سلجھاتا ہوں۔ رات کے وقت مَیں اپنے تجسس کا تعاقب کرتا ہوں۔

میں ویب کا شدید حامی ہوں، اور سمجھتا ہوں کہ یو‌آر‌ایل ؂۳ دنیا کی بہترین ایجادات میں سے ایک ہے۔ مجھے front-of-the-front-end پر رہنا پسند ہے، اور جب بھی ویب‌براؤزرز میں سی‌ایس‌ایس کا کوئی نیا فیچر متعارف ہوتا ہے تو میں بہت خوش ہوتا ہوں۔ میں اکثر نفی میں سر ہلاتے ہوئے اور یہ بڑبڑاتے ہوئے بھی پایا جاتا ہوں کہ ”یہ ایپ ایک ویب‌سائٹ ہو سکتی تھی“۔

میری مادری زبان اردو ہے، اور میں اس سے متعلق ہر قسم کی گفتگو کرنے کے لیے ہمہ وقت تیّار رہتا ہوں، چاہے وہ اردو ادب، اردو ٹائپوگرافی، اردو کمپیوٹنگ، یا کچھ بھی ہو۔ فارغ اوقات میں میرے اکثر مشاغل اور پروجیکٹس کسی نہ کسی صورت میں اردو ہی کے ارد گرد گھومتے ہیں، مثلاً:

مجھے اپنے قارئین کے پیغامات وصول کر کے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔ اگر آپ مجھ سے رابطہ کرنا چاہیں، تو بذریعہ ای‌میل (saadat [at] saadatmand [dot] pk) یا میسٹوڈون کر سکتے ہیں۔

یہ ویب‌گاہ

اس ویب‌گاہ کا اجرا ۲۰۱۳ میں ہوا تھا، لیکن دھوکا مت کھائیے: ابتدا میں ہونے والی کچھ سرگرمی کے بعد تقریباً ایک دہائی تک مجھے شاذ و نادر ہی توفیق ہوئی کہ یہاں کچھ شائع کروں۔ (میں یہ سطریں جنوری ۲۰۲۶ میں لکھ رہا ہوں۔)

ابتدا میں میرا ”ویژن“ یہ تھا کہ یہاں تمام تحریریں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں شائع کروں، لیکن اِس ویژن کو بوجھ بننے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ اب میرا ارادہ یہ ہے کہ جس زبان میں بھی لکھنے کا مُوڈ ہو، بس اُسی میں لکھوں اور ترجمے کی پروا بعد میں کروں (یا نہ ہی کروں)۔ دیکھتے ہیں کہ یہ ارادہ مجھے کہاں لے کر جاتا ہے۔

اِس ویب‌گاہ کا بصری ڈیزائن کچھ خاص تو نہیں، لیکن میرا اپنا بنایا ہوا ہے۔ مربع کُوفی پر مبنی ”سعادت‌مند“ لوگو بھی میں نے بنایا ہے۔ اردو متن کے لیے مستعمل فونٹس نوٹو نستعلیق اردو از گوگل فونٹس اور امیری از خالد حُسنی ہیں، جبکہ انگریزی کے فونٹس سورس سیرِف ۴ اور سورس سینز ۳ از اڈوب ہیں۔

میں تمام ایچ‌ٹی‌ایم‌ایل اور سی‌ایس‌ایس (اور نہایت کم اور حسبِ ضرورت جاوا‌اسکرپٹ) ہاتھ سے لکھتا ہوں، اور ویب‌گاہ کی نظامت آسان کرنے کے لیے الیونٹی کا استعمال کرتا ہوں۔ اردو اور انگریزی بلاگز کی اپنی اپنی فِیڈ بھی دستیاب ہے۔

اور ہاں، اِس ویب‌گاہ پر کسی قسم کی ٹریکنگ فعال نہیں ہے۔ کبھی کبھار سّرور کے لاگز کا جائزہ لینے کے لیے انھیں GoAccess سے گزار لیتا ہوں۔

  1. ”آن لائن اردو لغت۔“ وفاقی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، حکومتِ پاکستان، ۲۰۰۶، ’سعادت‘ [واپس]

  2. ایضاً، ’سعادت مند‘ [واپس]

  3. دیکھا آپ نے مَیں نے کیا کِیا؟ [واپس]

  4. ایک دن آئے گا جب میں بالآخر کلّیات کی سی‌ایس‌ایس کا جائزہ شائع کروں گا… [واپس]

  5. nerd snipe [واپس]